اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سویڈن کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ کے دوران قران پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر شدید مذمت کی گئی اور تحفظات کا اظہار کیا، پاکستان کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا، سویڈن کے سفیر اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔دوسری جانب کوئٹہ میں سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف شہریوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، شرکاءنے سویڈن کی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔حیدرآباد میں بھی سنی تحریک کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج کیا گیا، حیدر چوک کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، اس دوران سویڈن کا پرچم نذر آتش کیا گیا۔مردان میں میسحی برادری نے سویڈن کیخلاف احتجاج کیا، درجنوں مسیحیوں نے سینٹ پال سرحدی چرچ سے گائیڈ چوک تک ریلی بھی نکالی، شرکاءنے سویڈن کیخلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی سے تمام مذاہب کے ماننے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔سرگودھا میں فیسکو پیغام یونین کے زیر اہتمام قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے سویڈن کا قومی پرچم نذر آتش کیا اور سویڈش حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، شرکاءنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سویڈش سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔اٹک میں انجمن تاجران نے احتجاجی ریلی نکالی جو چوک فوارہ سے شروع ہوکر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف تحریریں درج تھیں، مظاہرین نے سویڈش حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔علاوہ ازیں پاکستان میں موجود چینی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان وزارت خارجہ ماو ننگ کا بیان ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں چین کی جانب سے سویڈن سانحہ سمیت ہر قسم کے اسلاموفوبیا کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین تہذیبوں کے مابین احترام، بقائے باہمی اور سیکھنے کے عمل کو مقدم سمجھتا ہے، چین مختلف مذہبی عقائد پر حملوں، تہذیبوں کے مابین تصادم کی ہر کوشش، اسلاموفوبیا کا مخالف ہے، اسلامی تہذیب نے دنیا کی تہذیبوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ ماو ننگ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مسلمانوں کے عقیدے اور مذہبی جذبات کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے، نام نہاد "آزادی اظہار رائے" کسی صورت تہذیبوں کے مابین تصادم یا نفرت پھیلانے کا بہانہ نہیں ہونا چاہیے۔پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا ،اجلاس میں سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی جائے گی۔مجلسِ شوری پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 جولائی بروز پیر شام 5 بجے کے بجائے طلب کیا گیا تھا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اجلاس کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے یہ اجلاس آج 6 جولائی بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہاس میں طلب کیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس میں تبدیلی جوائنٹ سیٹنگ رولز 1973 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی ۔ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی پر سپریم بار ایسوسی ایشن کا جمعہ کو ملک گیر ہڑتال ہوگی، جس کے دوران عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے کو صبح گیارہ بجے سپریم کورٹ کے کے مرکزی گیٹ پر بار ممبرز کی جانب سے قرآن مجید کی تلاوت کی جائے گی۔
قرآن پاک کی بے حرمتی
قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب،احتجاج، مسلمانوں کے عقیدے کا احترام کیا جائے:چین
Jul 06, 2023