نالائق کو مسلط کر کے ملک کیخلاف سازش تھی،مسائل کا حل صرف نواز شریف:مریم اورنگزیب

Jul 06, 2023

 اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے پاناما سازش کو بے نقاب کیا۔ سازشی کرداروں نے ایک نالائق کو مسلط کر کے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا۔ ملک کے مسائل کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے۔ نواز شریف دور میں معیشت مستحکم ہوئی۔ عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا۔ ملک کی بڑی خدمت کرنے والے کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئیں۔ جو شکلیں اور کردار آج ملک جلا رہے ہیں، یہ14-2013ءمیں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر کھڑے تھے۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج 5 جولائی کا دن ہے اور آج کے دن ایک آمر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر جمہوریت کا قتل کیا تھا۔ آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے اور آج سی پیک کے دس سال بھی مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر پچھلے ایک سال کے دوران ملک کی معاشی تباہی، بدحالی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر نے ایک نااہل، نالائق اور چور کو ملک پر مسلط کیا۔ یہ کہانی صرف چار سال کی نہیں، اس کی شروعات 2013ءمیں ہو چکی تھی۔ 2013ءمیں بھی ملک کے اندر مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا اور لوگوں نے سمجھ لیا تھا کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے۔ عوام نے نواز شریف کو ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا۔ اس وقت پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گزر رہا تھا، نواز شریف نے ملک میں سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی۔ صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کی خبر آئی تو ایک شخص ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر پر کھڑا تھا، اس شخص نے سول نافرمانی کی تحریک کی کال دی، سی پیک منصوبے کے تحت توانائی کے منصوبے لگنے تھے، روزگار پیدا ہونا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کا واحد آئی ایم ایف پروگرام تھا جو نواز شریف کے دور میں مکمل ہوا۔ نواز شریف ملک کے نوجوانوں کو خودمختار بنانا چاہتے تھے۔ وہ ملک کے اندر آئی ٹی، زراعت، برآمدات کو فروغ دینا چاہتے تھے، ان کا وژن ملکی معیشت کو مستحکم بنانا تھا اور یہ کام انہوں نے کر کے دکھایا۔ صرف نعرے نہیں لگائے۔ آج پی ٹی آئی کے لوگ بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ساری قوتیں نواز شریف کو زیرو کرنے کے چکر میں تھیں لیکن مکافات عمل ہے جو لوگ یہ کر رہے تھے آج ان کے منہ پر طمانچے پڑ رہے ہیں۔ وہ کسی پبلک ایریا میں نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی شخص اس ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے تو اس کا نام نواز شریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 14 ماہ کی مسلسل محنت سے آئی ایم ایف کا معطل پروگرام بحال کیا۔ یہ خالی آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں تھا، یہ ملک کی ساکھ اور اقتصادی بحالی کا پروگرام تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے سی پیک منصوبہ بند کیا، چین کو ناراض کیا، سی پیک منصوبے میں کرپشن پر بیانات دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی چوری کی کہانیاں ہمارے پاس آ چکی تھیں ہم نے قانون کے حوالے کیں۔ ملک اور ملک کے منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے ساتھ ظلم تھا، ایسے کرداروں کو پاکستان کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔
وزیر اطلاعات 

مزیدخبریں