نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا شدید بارش کےدوران 5گھنٹے تک ہنگامی دورہ،ناقص انتظامات پر برہمی

لاہور( نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شدید بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا 5گھنٹے تک ہنگامی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات ترک کرکے موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا اورنکاسی آب کے لئے موقع پر ہی کمشنر لاہورڈویڑن اورایم ڈی واسا کو ہدایات دیں۔محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم، گلبرگ، لبرٹی، کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاو¿ن، فیروز پور روڈ، قرطبہ چوک، ہربنس پورہ انڈرپاس،لکشمی چوک، ریلوے اسٹیشن، سرکلر روڈ، اردو بازار، اسلام پورہ،ملتان روڈ،سمن آباد،گلشن راوی،بند روڈ،یتیم خانہ چوک،علامہ اقبال ٹاو¿ن میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ چند گھنٹے میں ریکارڈ بارش ہوئی۔شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ محسن نقوی نے ہربنس پورہ انڈر پاس میں پانی کی جلد نکاسی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے لکشمی چوک میں پانی کی نکاسی کا کام جلدمکمل کئے جانے پر انتظامیہ اور واسا کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی نے اردو بازار کے سامنے روڈ اور اسلام پورہ میں مزید مشینری کے ذریعے کھڑے پانی کی نکاسی کے لئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے اسلام پورہ میں دکانداروں اور رہائشیوں سے ملاقات کی اور نکاسی آب کے کام کے حوالے سے پوچھا۔اسلام پورہ میں شہریوں نے نکاسی آب کے کام میں سست روی کی شکایات کیں جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں صبح سے فیلڈ میں ہوں۔آپ کی مشکل میری مشکل ہے۔واسا کو ہدایت کی ہے کہ مزید وسائل لگا کر نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے گارڈن ٹاو¿ن،گلبرگ اورسی بی ڈی مین بلیووارڈ انڈرپاس کابھی دورہ کیا۔محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیووارڈ انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کیلئے گلبرگ میں پمپنگ سٹیشن کا بھی معائنہ کیااورکلمہ چوک سے لبرٹی کی جانب انڈر پاس میں پانی کی نکاسی کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیووارڈمیں پانی کی نکاسی کا کام سی بی ڈی سے واپس لینے کا حکم دیا۔محسن نقوی نے نکاسی آب کا کام واسا کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں چند گھنٹے کے دوران291ملی میٹرریکارڈ بارش ہوئی ہے اورایسی بارش کئی دہائیوں بعد ریکارڈ کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود لکشمی چوک اورشہر کے دیگر علاقوں سے نکاسی آب کا کام مکمل کیاگیا ہے۔بعض مقامات پر پانی موجود ہے جسے نکالنے کیلئے انتظامیہ اورواسا کی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔صوبائی وزراءبھی فیلڈمیں ہے اورپنجاب حکومت کی پوری ٹیم نکاسی آب کے کام پر لگی ہوئی ہے۔وہ آج شدید بارش کے بعد مختلف علاقوں کے دورے کے بعد لکشمی چوک میں میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی تار گرنے سے بھی اموات ہوئی ہیں اورمیں نے اس ضمن میں وزیراعظم سے بات کی ہے اورانہوں نے چیئرمین انسپکشن ٹیم کو انکوائری کیلئے مقرر کر دیا ہے اوروہ اگلے تین روزکے اندر رپورٹ پیش کریں گے۔ اگر لیسکو کی غفلت سامنے آئی توذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں شدید بارشوں کے باعث فوری نکاسی آب کے لئے ہدایات جاری کیں اورصوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں نکلیں اورنکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ نشیبی علاقوں اور شاہراوں سے ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کا کام متعین وقت میں مکمل کیاجائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ نکاس آب کے کام میں کوتاہی قطعاً قابل قبول نہیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائے اور شہریوں کی مشکلات کے ازالے متحرک انداز میں کام کیا جائے۔ نگر ان وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شدید بارش کے باعث مصری شاہ میں چھت گرنے اور مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 
 

ای پیپر دی نیشن