اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے علاقے میر علی میں قائم چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں تین اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ اور میر علی کے درمیان واقع حمید اللہ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔ حملے کے نتیجے میں تین اہلکار نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان شہید ہو گئے۔ جبکہ دھماکے کی زد میں آ کر تین شہری بھی زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءنے میران شاہ شمالی وزیرستان میں خوکش دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جانوں کی قربانی دے کر بڑی تباہی کا راستہ روک دیا۔ سکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ دہشت گردوں کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔
شمالی وزیرستان:چوکی پر خود کش حملہ ، نائب صوبیدار ، نائیک اور سپاہی شہید ،4 زخمی
Jul 06, 2023