اسلام آباد (اے پی پی) کاپ 28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سلطان احمد الجابر ایک روزہ سرکاری دورے پر آج (جمعرات کو) پاکستان آئیں گے۔ وہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کاپ 28 کانفرنس سے قبل ان کا دورہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ سلطان احمد الجابر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان کے موسمیاتی موافقت کے چیلنجز، خاص طور پر آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات کے خطرے اور متحدہ عرب امارات میں آئندہ کاپ 28 میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی تعاون کو حاصل کرنے کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
کاپ 28 کے صدر اور امارات کے وزیر صنعت سلطان احمد الجابرسرکاری دورے پر آج پاکستان آئیں گے
Jul 06, 2023