عمران کا موسم تبدیل ہورہا لگتا ہے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیدا ہورہی : خواجہ آصف 

Jul 06, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیردفاع خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے سابق وزیر اعظم کا موسم تبدیل ہورہا ہے، ان کا رویہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے، اسٹیبلشمٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے، پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سیاسی نہیں، قومی معاملہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت خیبرپی کے  آپریشن ’عزم استحکام‘ کی حمایت کریگی۔وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے آپریشن مخالف کوئی بات نہیں کی تھی، ان کا طرز عمل اس وقت بھی مثبت تھا،اب بھی ہوگا۔وزیردفاع نے کہا کہ لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کا موسم تبدیل ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیرسیاسی ہے، لیکن انکے خیال میں بانی کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ آج عمران خان نے حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں