اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے کچھ انتخابی حلقوں کے فارمز 45 کی کمیشن کی ویب سائٹ پر غیر موجودگی کی خبروں کو عوام الناس کو گمراہ کرنے کی کوششوں سے تعبیر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فارمز 45 کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے تھے۔ جہاں تک پی پی 159 لاہور کا تعلق ہے تو اس کے تمام فارم 45 اور فارم 46 بھی کمیشن کی ویب سائٹ پر پہلے ہی موجود تھے۔ ترجمان کے مطابق اس نوعیت کی مزید بھی گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں لیکن چونکہ مختلف انتخابی حلقہ جات کے کیسز اب الیکشن ٹربیونلز میں زیر سماعت ہیں اس لیے الیکشن کمیشن اس پر مزید کمنٹ کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔