اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مہنگائی کے ہاتھوں ستائے عوام کے لئے ایک اور بری خبر، حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی۔ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ دریں اثناء نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے 67 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔ کے الیکٹرک صارفین کیلئے کمی اپریل 2024ء کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔ نیپرا سے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کراچی کے لئے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ کے الیکٹرک صارفین کو ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف جولائی 2024ء کے بلز میں ملے گا۔ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ کے الیکٹرک کے ماہانہ 300 یونٹس تک گھریلو صارفین پر بھی اطلاق نہیں ہوگا۔ کے الیکٹرک کے ای وی چارجنگ سٹیشنز، زرعی صارفین پر بھی اطلاق نہیں ہوگا۔
فیول ایڈجسٹمنٹ : بجلی مزید 3.32روپے یونٹ مہنگی ، اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا
Jul 06, 2024