کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحت کے نظام میں بہتری لائیں گے‘ صوبے میں ریسکیو 1122 سروس شروع کر رہے ہیں۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی موجودگی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا میرا آج کا بلوچستان کا دورہ بہت مفید رہا، محدود وسائل کے باوجود بلوچستان کے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ صحت کے شعبہ میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں بہت کام کیا، بلوچستان کے 10اضلاع میں بھی ریسکیو 1122 کی سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، نصیر آباد میں کمبٹ کی طرز کا ہسپتال بنائیں گے، بلوچستان کے صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ کوئٹہ میں پنک بس سروس چلائیں گے‘ ملک میں بیروزگاری‘ غربت بڑا مسئلہ ہے‘ بیروزگاری غربت ختم کرنا ہمیشہ سے ہی پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ رہا ہے۔ بلوچستان کی خواتین کو بھی بااختیار بنانا چاہتے ہیں ، کوئٹہ میں خواتین کیلئے پنک بس سروس لارہے ہیں، یہاں کی خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے، کوشش ہے بلوچستان میں این آئی سی وی ڈی جیسا ادارہ ہو، بلوچستان کے طلبہ کے وظائف میں اضافہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سولر پارک بنائیں گے، ہم نے الیکشن کے دنوں میں وعدہ کیا تھاکہ ہم غربیوں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ملک میں قیام امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، پیپلزپارٹی کا وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا، ہم ملک میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کواپنی رائے دینے کا موقع ملے گا۔ سیلاب متاثرین کوگھر بنا کردینا یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہوگی، بجٹ کے حوالے سے ہمیں شدید اعتراضات تھے، پی ایس ڈی پی سب کی مشاورت سے نہیں بنایا گیا، وفاقی حکومت نے سپورٹ کی یقین دہانی کرانی ہے، اگر بجٹ میں ہماری مشاورت شامل کرتے توکچھ تجاویزدیتے۔
اے پی سی میں شریک ہونکے ، عقام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ، بے روزگاری ، بلاول
Jul 06, 2024