لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کی صدارت میں پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام کے پرْامن انعقاد کیلئے لاہور پولیس کی آپریشنل و لاجسٹک تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے محرم الحرام کے دروان متنازعہ تقاریر اور ساؤنڈسسٹم ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے پر زور دیااورکہا کہ تمام مکاتبِ فکر و مسالک کے افرادکا تحفظ، مجالس و جلوسوں کی بھرپورسکیورٹی اولین ترجیح ہے۔محرم الحرام کے پروگراموں کے پرْامن انعقاد میں ایس ایچ اوز کا کلیدی کردار ہے۔ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں موجود امام بارگاہوں پر مورچوں کی تعمیر، واک تھروگیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرزاور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں۔ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی پابندی،مجالس کا بروقت آغاز اور اختتام ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام سے رابطے میں رہنااورفاصلوں کو مٹانا ہے۔ کرائم کنٹرول، قانون کی بالا دستی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنالاہور پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔سسٹم کی بہتر کیلئے عوامی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔جامع مسجد یا رسول اللہ مون مارکیٹ گلشن روای میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد عوام الناس سے ملاقات کے دوران مسجد میں موجود نمازیوں سے مسائل بارے دریافت کیا اور فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔محمد فیصل کامران نے کہا کہ اللہ کے گھر میں کئے جانے والے قول و فعل کا پابند رہوں گا۔یہاں جو وعدے کر رہا ہوں ان کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات کیخلاف جہاد میں آپ لوگوں کا تعاون ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام الناس کے مابین فاصلے کم کرنا ہے۔