تشدد کا شکاربچوں کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام اضلاع میں فوکل پرسنز تعینات کرنے پر غور

لاہور(نامہ نگار)چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو،رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمدنے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیااور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ گداگری، جبری مشقت، تشدد کا شکار بچوں کے تحفظ اور ریسکیو کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے چائلڈ ریسکیو آپریشنزمیں بیورو کی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مرکزی ڈیش بورڈ پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ریسکیو مانیٹرنگ کو شامل کیا جائیگا۔ گداگری، جبری مشقت اور تشدد کا شکار بچوں کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام اضلاع میں پولیس فوکل پرسن نامزد کرنے پر غور کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں تحفظ مراکز، تحفظ منزل فوسٹر ہوم اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو انٹرلنک کیا جائیگا۔ سٹریٹ چلڈرن کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مابین کوآرڈینیشن مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ سارہ احمدنے کہاکہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو کم وسائل میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، بچوں اور استحصال کا شکار افراد کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون اور اقدامات کو سراہتے ہیں۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون سے عوامی آگاہی مہم، انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن