لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر،سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ 5 جولائی تاریخ کا سیاہ دن ہے،جس نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا۔ اس دن ملک میں منتخب عوامی حکومت کا غیر آئینی طریقے سے تختہ الٹایا گیا۔مخدوم سید احمد محمود کا 5 جولائی 1977 کے اقدام پر اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ 5 جولائی کو جمہوریت پر شب خون مار کر فرقہ وارانہ تعصب کلاشنکوف کلچر ہیروئن کی لعنت کو فروغ دیا گیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلی ٹولوں نے معاشرے ،معیشت اور ملکی جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔اسی استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا۔شہید نے تاریخ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کا پھندا چومنے کو ترجیح دی۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے اصول سے نہیں ہٹاسکتی۔ پیپلز پارٹی کا ہر ایک کارکن آج عہد کرتا ہے کہ وہ اپنے شہید قائدین کے افکار فلسفے کی روشنی میں ادھورے مشن کی تکمیل جاری رکھے گا۔پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی بحالی تک سکھ کا سانس نہیں لے گی۔سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے ہر اداریکو اپنی طرح سلیکٹڈ بنانے اور ملکی معیشت اقتدار اور قوت تباہ کرنے پر ہوا ہے۔ہم ملک میں غربت افلاس اور معاشی تباہی کاظہار سبب بننے والوں کو شکست سے ہمکنار کرکے پاکستان کو بچائیں گے۔عدم برداشت اور اتنہا پسندی کو جنم دینے والی سوچ کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔