حکمرانوں نے ملک کو سودی نظام میں جکڑدیا:عبد الغفار روپڑی  

Jul 06, 2024

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) حکمرانوں نے اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو سودی نظام میں جکڑ کر رکھ دیا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول نہ کرنے والی حکومت قوم کی مجرم ہے۔ دہشت گردی کرنیوالے ملک دشمن ہیں۔ یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا بدبخت اور ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں سودی اور کفریہ نظام مسلط کرکے اس وطن کو کمزور اور اسلام دشمنوں کے آگے گروی رکھ دیا ہے۔ سودی نظام ہماری معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور ملک کاروباری اداروں کی سستے داموں سیل لگا رکھی ہے۔ عوام کی خون پسینے سے بنائے گئے یہ ادارے قومی اثاثہ ہیں۔ امسال سعودی عرب کے حج انتظامات بہترین تھے اس پر تنقید کرنے والے تعصب کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے طوفان کو نہ کنٹرول کرنے والی حکومت عوام کی نمائندہ نہیں ہو سکتی۔ بجلی پٹرول اور روز مرہ کی اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ حکمران اپنی عیاشیوں کو بند کر کے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں۔

مزیدخبریں