حضرت عمرفاروق  ؓقیامت تک حکمرانوں کیلئے درسگاہ کی حیثیت رکھتے ہیں:اشرف جلالی 

لاہور( خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یارسول اللہؐاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام شاہ جلال ریسرچ سینٹر میں خلیفہ دوم حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ کی شہادت کے سلسلہ میں ’’شہادت فاروق اعظمؓکانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت سیدنا عمرفاروق اعظمؓنے نظام اسلام کے عملی نفاذ کا حق ادا کر دیا۔ غلبہء دین اسلام اور شریعت کا نفاذ آپ کا مقصد حیات تھا۔ حضرت فاروق اعظمؓقیامت تک حکمرانوں کیلئے درسگاہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ غلبہ اسلام اور نصرتِ دین کیلئے آپ ہمیشہ پہلے محاذ پر نظر آئے۔ حضرت فاروق اعظمؓکا آج بھی باطل پر رعب طاری ہے۔ آپ کے عہد خلافت میں شرعی حدوود کے نفاذسے معاشرتی برائیوں اور معاشرتی مظالم کا خاتمہ ہو گیا۔حضرت فاروق اعظم ؓ کی انتظامی صلاحیت سے سلاطینِ عالم نے خوشہ چینی کی۔ آپؓ کے فیصلے ججز اور قاضیوں کیلئے نصاب کی حیثیت رکھتے ہیں۔حضرت فاروق اعظمؓ کی خلافت اسلامی فتوحات کا روشن باب ہے۔ آپؓ کا دور حکومت انسانیت کیلئے رحمت اور راحت قرار پایاہے۔ آپؓ کی پالیسیوں سے اسلام کی دھاک بیٹھ گئی اور منافقت اپنی موت آپ مر گئی۔

ای پیپر دی نیشن