خواجہ سلمان رفیق سے شیعہ علماء کونسل وفد کی ملاقات ،سکیورٹی انتظامات پرگفتگو 

Jul 06, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق سے شیعہ علماء کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور وفد کے درمیان محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ مجالس، جلوسوں، سبیل، نیاز اور اعزاداری کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے محرم الحرام کے دوران پولیس کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اتحاد بین المسلمین اور امن کمیٹیاں صوبہ بھر میں متحرک کردار ادا کریں۔ شیعہ علماء کونسل کے وفد میں قاسم علی قاسمی، صغیر عباس ورک اور صفدر حسین جعفری شامل تھے۔دریں اثناء صوبائی وزیر صحت نے غازی آباد میں فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے فیلڈ ہسپتال کے سٹاف سے عوام کو فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کہا فیلڈ ہسپتال کا منصوبہ حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔عوام تک صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر رانا ذیشان احمد ٹیپو، امین، ریاض انصاری، مسعود ہنی، پیر ساجد، عدنان ہاشمی، حاجی غلام نبی اور رضوان احمد موجود تھے۔

مزیدخبریں