9 مئی کیسز،انسداد دہشت عدالت کا بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کا حکم  

Jul 06, 2024

لاہور ( این این آئی) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی سے متعلق جناح ہائوس ،عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلائو گھیرائو کے مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے عمران خان کی مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل نے دلائل دیئے کہ جج صاحب، آج میں القادر ٹرسٹ کیس چھوڑ کر دلائل کے لیے پیش ہوا ہوں، دوسری عدالت نے ملزم کی ویڈیو لنک کے بغیر ہی 4ضمانتیں کنفرم کی ہیں۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس عدالت کے فیصلے کی کاپی پیش کی جائے، وکیل سلمان صفدر نے مزید کہا کہ میں نے بہت کوشش کی کہ ملزم کی اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیشی ہو سکے مگر پھر میں نے سمجھوتہ کر لیا اور راضی ہو گیا۔وکیل نے استدعا کی کہ بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہو جائے گا، عمران خان کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھا دیں۔جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے کہ میں نے ویڈیو لنک پر پیشی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے آج ( ہفتہ ) عمران خان کے وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کی ویڈیو لنک پر حاضری کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں