محرم میں امن کا قیام تمام مکاتب فکر کے علماء‘ قوم کی مشترکہ ذمہ داری: عبدالخبیر آزاد 

Jul 06, 2024

لاہور+بہاول پور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) محرم الحرام میں امن وا مان کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب ومحکمہ اوقاف پنجاب کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے وفد نے بہاول پور کا دورہ کیا۔ اجلاس سے قائد قافلہ سید محمد عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علماء کرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکرگزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کو خصوصی طور پرپورے پنجاب میں بھیجا جو کہ امن وامان کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن کو قائم رکھنا تمام مکاتب فکر کے علماء اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اسلام رواداری‘ محبت‘ اور امن کا پیغام دیتا ہے‘ ملک دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستا ن اور ’’پیغام پاکستان کا فروغ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ہمارے داخلی اتحاد سے مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن طاقتوں کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیغام پاکستان کی روشنی میں ملک کو امن و اتحاد کا گہوارہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ متحد ہے۔قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے عاشورہ محرم میں سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وال چیکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔ اس موقع پر آر پی او رائے بابر سعید نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس مرتبہ بھی محرم الحرام میں امن و آشتی کی فضا قائم رکھی جائے گی۔ اجلاس میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے وفد کے ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے امن و اتحاد کا پیغام دیا۔ اس موقع پر ضلع بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر ضلع سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے اظہار خیال کیا اور عاشورہ محرم کے انتظامات پر انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف کی کاوشوں کو سراہا۔

مزیدخبریں