موریطانیہ (نوائے وقت رپورٹ) یورپ جانے کی کوشش میں 170 تارکین وطن سمندر میں ڈوب گئے جن میں سے 89 کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں۔ کشتی الٹنے کا واقعہ افریقی ملک موریطانیہ کے جنوب مغربی شہر اینڈیاگو سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ کوسٹ گارڈ نے پانچ سالہ بچی سمیت 9 افراد کو بچا لیا۔ امدادی کاموں کے دوران اب تک 89 نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ اب بھی 70 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی سینیگال اور گیمبیا کی سرحد سے روانہ ہوئی تھی جس میں 170 مسافر سوار تھے۔ واضح رہے کہ افریقی اور غریب ملکوں سے ہزاروں کی تعداد میں سالانہ تارکین وطن یورپ میں اچھے مستقبل اور بہتر روزگار کے لیے غیر قانونی طور پر یورپ آنے کے لیے خطرناک راستوں کا انتخاب کرتے ہیں اور ایسے واقعات میں بے موت مارے جاتے ہیں۔
مور یظانیہ میں تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی ، 89افراد ،ہلاک ،70سے زائد لاپتہ
Jul 06, 2024