کرپٹو کرنسی کے نام پر 9 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ٹھگی

کرپٹو کرنسی کے نام پر ایک شخص سے 9 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ٹھگ لئے گئے۔

خراب معاشی حالات کی وجہ سے لوگ بہت پریشان ہیں اور اُن کو جب بھی کوئی کمائی کا موقع نظر آتا ہے تو وہ اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن  رقم لگانے کے بعد ان کے ساتھ فراڈ ہوجاتا ہے۔

اسی طرح ایک فراڈ کا واقعہ بھارت کے للیت کمار نامی شخص کے ساتھ پیش آیا جہاں اس کے ساتھ کرپٹو کرنسی میں کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے کا فراڈ ہوگیا۔

بھارتی شہر ہریانہ کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ان کے پاس للیت نامی شخص نے شکایت درج کرائی ہے، متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ 13 دسمبر 2023 کو انہیں ایک لنک بھجا گیا، جس میں کاروبار کرنے کی معلومات حاصل کرنے کے لئے کلک کرنے کو کہا گیا۔

للیت کمار نے پولیس کو بتایا کہ راہل نامی شخص نے ان سے رابطی کیا اور کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے مائل کیا، اور واٹس ایپ گروپ میں شامل کردیا جہاں میری سرمایہ کاروں سے بات ہوئی۔

للیت کمار نے بتایا کہ بیرونی سرمایہ کاروں سے بات کرنے کے بعد میں سرمایہ کاری کرنے پر راضی ہوگیا، اس کے بعد میں نے 18 مختلف قسطوں میں مجموعی طور پر 9 کروڑ 68 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی۔

للیت کمار نے بتایا کہ جب میں نے اپنی رقم واپسی کرنے کو کہا تو مجھے ملزم راہل نے کہا کہ رقم واپس لینے کے لیے کل رقم کا 10 فیصد بطور ٹیکس جمع کرائیں، اس طرح للیت کے ساتھ کروڑوں روپے کا فراڈ کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، اس کے علاوہ جن بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کی گئی ہے ان کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے، کیس کی مکمل تفتیش کے بعد تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اسی بے روزگاری اور دیگر معاشی مسائل کے باعث آئے روز ایسے پیغامات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں گھر بیٹھے بڑی رقم کمانے کا جھانسہ دیا جاتا ہے۔ اب بے روزگار اور غیر ہنر مند افراد جو پہلے ہی کسی موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں وہ ان دھوکے بازوں کے جھانسے میں آ کر گھر والوں یا کسی دوست سے ادھار لے کر وہ رقم بھی ڈبو دیتے ہیں اس لیے اس طرح کی سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آپ ہمیشہ ہوشیار رہیں۔

ای پیپر دی نیشن