پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں جلسے کا اجازت نامہ معطل کرنے پر پارٹی کا ردّ عمل سامنے آگیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں شدید ردّ عمل کا اظہار کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ کہ ہمارے جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا، جو افسوس ناک ہے، ڈی سی اسلام آباد بتا دیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی اسلام آباد اس حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں، آج ہماری سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہے،آج اپنا لائحہ عمل دیں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چار رٹ پٹیشن کے بعد عدالت کے آرڈر کے بعد ڈی سی نے جلسے کا نوٹیفکیشن دیا، جو نوٹیفکیشن ہائی کورٹ کی ہدایت پر ہوا، کمشنر کے پاس اختیار نہیں کہ اسے معطل کرے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جس لیٹر کو بنیاد بناکر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا اس لیٹر کو ہائی کورٹ میں پیش کرتے، ہم ہائی کورٹ اس لیے آئے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں۔
انہون نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہم سب کوشش کر رہے ہیں، جج صاحبان کی عدم موجودگی کے باعث درخواست پر آج سماعت نہیں ہو سکی، اب ہم اپنی سیاسی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لائحہ عمل دیں گے۔