اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں نے ہر گزرتے دن کے ساتھ اسے مضبوط کرنے کے لیے ہمیشہ کام کیا ہے۔ یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے نیشنل پریس کلب میں امریکہ کے 248ویں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ انفراسٹرکچر، زراعت، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں متعدد دوطرفہ تجارتی معاہدے اور سرمایہ کاری کی گئی ہے اور دونوں ممالک نے سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر قریبی تعاون کیا ہے، پاکستان علاقائی استحکام اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس اور چیئرمین امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی ڈاکٹر اعجاز احمد کی قیادت میں ایک وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔