مون سون بارشوں کا دھواں دھار سپیل جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ وفاقی دار الحکومت میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا، ممکنہ طغیانی، سیلاب کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلام پورہ و گردو نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ بجلی کی سپلائی معطل بارش اور آندھی کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد ,سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا،مختلف شہروں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ فیصل آباد/بارش فیصل آباد اور گردونواح میں بارش،بارش سے درجہ حرارت میں کمی جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ہے۔ فیصل آبادبجلی معطل ترجمان فیسکو کا کہنا ہے کہ فیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے،آندھی اور بارش کے باعث اور ٹرپنگ کی وجہ سے درجنوں فیڈروں پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئے،سرگودھا, خوشاب, فیصل آباد, چنیوٽ ,جھنگ ,میا نوالی وغیرہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ ترجمان فیسکو کا مزید کہنا ہےکہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر بجلی بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں،فیسکو فیلڈ سٹاف متاثرہ فیڈرز کی فی الفور بحالی کیلئے مصروف عمل ہے۔موسم کی خرابی کی وجہ سے بجلی کے عارضی تعطل پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 7 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال ہو سکتی ہے، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شکرگڑھ/بارش شکرگڑھ میں نارووال روڑ اور مضافات میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور گرج چمک اور تیز ہواؤں سے مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ تیز ہواؤں اور بارش سے گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے اور بارش سے گرمی کی شدت میں واضح کمی موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مانگامنڈی/بارش مانگامنڈی اور اس کےمضافات میں تیز آندھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور گرج چمک اور تیز ہواؤں سے مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ تیز ہواؤں اور بارش سے لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے اور بارش سے گرمی کی شدت میں واضح کمی موسم خوشگوار ہوگیاہے۔ منڈی بہاوالدین/بارش منڈی بہاوالدین اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور موسلا دھاربارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس سے موسم خوشگوار ہوگیاہے،نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی معطل ہوگئی ہے۔ اٹک/بارش اٹک شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے،موسلادھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے،موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا جبکہ بارش برسنے سے لوگوں کے مرجھائے چہرے کھل کھلا اٹھے ہیں۔ حجرہ شاہ مقیم/بارش حجرہ شاہ مقیم اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بارش کے آتے ہی متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جبکہ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔ مری/بارش ملکہ کوہسار مری میں موسلادار بارش نے تمام محکموں کی کارکردگی کا پول کھول دیا،تیز بارش سے مال روڈ کی نالیاں بند ہونے سے پانی سڑکوں پر بہنے لگا،پانی میں سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ندی نالوں کے اطراف الرٹ جاری ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ندی نالوں کے اطراف الرٹ جاری کرکے پابندی عائد کر دی گئی ہے، کچی آبادیوں میں کوئیک رسپانس کیلئے ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری متعلقہ ایریا کی نگرانی کے احکامات جاری کر دیئے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچیں گے۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی عملہ بھی 24 گھنٹے الرٹ رہے اور فیلڈ میں حاضری یقینی بنائے، بارش کے دوران پانی جمع ہونے اور فوری انخلا نہ ہونے پر متعلقہ ٹیم ذمہ دار ہو گی، ایمرجنسی کال کی صورتحال میں فوری طور پر موقع پر پہنچنا بھی لازمی ہو گا۔ دوسری جانب تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں اور بارش سے وفاقی دار الحکومت کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ کراچی کا موسم کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے،گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہونگی،آج تھرپارکر عمرکوٹ سکھر بدین لاڑکانہ قمبر شہداد کوٹ میرپور خاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں برکھارُت،گرمی کی چھٹی،نشیبی علاقےزیرآب،الرٹ جاری
Jul 06, 2024 | 14:41