بارش کے باعث کراچی میں کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے 

Jun 06, 2010 | 19:54

سفیر یاؤ جنگ
کراچی میں بارش کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔ بارش کے ساتھ ہی نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جبکہ شہر کی مختلف سڑکوں پر دو سے تین فٹ پانی کھڑا ہے ۔ درجنوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی ہوئی ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب ہے۔ بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ بارش کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے جیکسن، ناظم آباد پاک کالونی، لانڈھی شیرشاہ، اور برنس روڈ میں چھہ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص سپرہائی وے پر گاڑی الٹنے سے ہلاک ہوا۔ کئی علاقوں میں برساتی نالے اور سیوریج سسٹم بند ہونے کے باعث پانی شہریوں کے گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ۔ایمرجنسی ٹیمیں شہر میں نکاسی آب اور دیگر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ بارش کی وجہ سے  کراچی آنے اور جانے والی ٹرینوں کی روانگی اور آمد میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، بارش کی وجہ سے فضائی سروس بھی متاثرہوئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں موٹر سائیکلیں پھسلنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ شہرمیں جاری بارشوں کے پیش نظر تمام امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ مشیرامتحانات جامعہ کراچی ناصرالدین کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میٹرک بورڈ اور انٹرمیڈیٹ کے کل ہونے والے تمام پرچے اورعملی امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے۔
مزیدخبریں