نوشہرہ (ریڈیو مانیٹرنگ) نوشہرہ میں مال روڈ پر کینٹ کے قریب بیکری میں خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 36 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 8 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سکیورٹی فورس کے اعلیٰ افسر کی اہلیہ اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش حملہ تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ بیکری سے خودکش بمبار کا سر اور دیگر شواہد ملے ہیں، خودکش حملہ آور کی عمر 17سے 18برس کے درمیان ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 8کلو وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد بیکری میں آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے قابو پا لیا۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ دھماکے میں بیکری اور ملحقہ گارمنٹ کی دکان کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بیکری کی دیواروں پر بال بیرنگ کے نشانات ملے ہیں۔ صدر، وزیراعظم، گورنر، وزیراعلیٰ خیبر پی کے شہبازشریف اور دیگر نے بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے نواحی علاقہ متنی میں پک اپ میں بم دھماکے سے نانی اور نواسی سمیت 7 افراد جاں بحق‘ 12 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح اس وقت متنی بازار میں کالاخیل اڈہ میں کھڑی پک اپ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جب اس میں سواریوں کو بٹھایا جا رہا تھا جس سے پک اپ میں سوار چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 15 سے زائد شدید زخمی ہو گئے دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اڈہ میں موجود بعض گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا جہاں مزید تین زخمی دم توڑ گئے‘ دھماکے کے بعد پولیس نے گاڑی کے مالک کو گرفتار کرکے شامل تفتیش کر لیا۔ بی ڈی ایس کے مطابق دھماکہ میں پانچ کلو گرام وزنی ٹائم بم استعمال کیا گیا جسے پک اپ میں نصب کیا گیا تھا۔
پشاور بم دھماکہ