اسلام آباد (نوائے و قت نیوز+نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں نومنتخب وزیراعظم نوازشریف سے سعودی شاہی خاندان کے وفد نے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سعودی شاہی خاندان نے توانائی بحران کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بعدازاں وزیراعظم ہاﺅس میں سعودی شاہی خاندان کے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا گیا۔علاوہ ازیں سعودی سفیر عبدالعزیز العزیر نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی۔علاوہ ازیں نومنتخب وزیراعظم میاں نوازشریف آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم جمعرات یا جمعہ کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ سعودی قیادت سے ملاقات بھی کرینگے سعودی قیادت اور میاں نوازشریف کے درمیان ملاقات میں اہم امور زیر بحث لائے جائینگے۔
وزیراعظم سے سعودی شاہی خاندان کے وفد کی ملاقات، عشائیہ، تعاون کی یقین دہانی نوازشریف 48 گھنٹے میں عمرہ پر جائینگے
Jun 06, 2013