اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کے پہاڑ جیسے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کرینگے، جمہوریت ایک ارتقائی عمل ہے اور تاریخ میں پہلی بار اسمبلیاں اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد اقتدار منتخب حکومت کو سونپا ہے، میاں نوازشریف نے بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھتے ہوئے بلوچستان میں حکومت بلوچوں کو دی ، ملکی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہے اور بدقسمتی سے پاکستان میں کبھی جمہوریت کو پھلنے اور پھولنے کا موقع نہیں دیا گیا لیکن خوش قسمتی سے تاریخ میں پہلی بار اسمبلیاں اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد اقتدار عوامی مینڈیٹ کے ذریعے دوسری حکومت کو مل چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب کافی باشعور ہوچکے ہیں اور ان کو احساس ہے کہ کون ان کے ساتھ جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ بول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، معیشت کی مضبوطی، امن وامان کی ناحق صورتحال سے نمٹنے کے لئے مسلم لیگ ن کی قیادت دن رات ایک کر دے گی اور انشاءاللہ اس میں سرخرو ہوں گے۔
مسائل حل کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) دن رات ایک کر دیگی: حمزہ شہباز
Jun 06, 2013