لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے پر چنیوٹ کی ضلع کچہری میں قتل ہونے والی انعم نامی لڑکی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چنیوٹ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کی رہائشی لڑکی نے امیر سلطان نامی لڑکے سے پسند کی شادی کر رکھی تھی۔ انعم کے گھر والوں نے امیر سلطان کے خلاف اپنی بیٹی کے اغواء کا مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔ وقوعہ کے روز پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اپنے خاوند کے حق میں بیان دینے کے لئے چنیوٹ کی ضلع کچہری میں پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے اسکے بھائی آصف نے فائرنگ کر کے اپنی بہن کو ہلاک کر ڈالا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بھی چنیوٹ کچہری میں شادی شدہ خاتون کو قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ افسوسناک ہے۔
رپورٹ طلب