گجرات + وزیرآباد (نامہ نگاران) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دورہ گجرات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 20جون کے ٹرین مارچ میں شرکت کے لیے مسائل زدہ لوگوں کو نکلنا ہو گا ورنہ کچھ بھی نہیں بدلے گا عام آدمی صرف ووٹ ڈالنے اور نعرے مارنے کے لیے ہی پیدا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر چار حلقوں میں سے ایک بھی حلقے کا رزلٹ درست نہ ہوا تو اسمبلی میں بیٹھنا گناہ کبیرہ ہو گا اور اسمبلی کا گھیرائوکرنا واجب ہو گا اتحاد ہمارا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہے مگر جب طاہر القادری پاکستان آئیں گے تو ان کے دھرنے میں شرکت ضرور کریں گے۔ وزیر اعظم نے دورہ بھارت کے دوران کشمیری مجاہدین کو ملنے کے بجائے اداکاروں اور بزنس مینوں کو ملنے کو ترجیج دی۔ دوسرے پاکستانیوں کی طرح پاکستانی ایمبیسی کو الطاف کی لیگل سپورٹ کرنی چاہیے یہ ان کا حق ہے ایم کیو ایم کی طرف سے کراچی میں پرامن احتجاج کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ دریں اثناء شیخ رشید ٹرین مارچ کو کامیاب کروانے کیلئے احمد نگر پہنچ گئے مسلم لیگ (ج)کے سربراہ حامد ناصر چٹھہ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ نے ہمیشہ اپنوں کو ہی نوازا ہے اب بھی پورے پنجاب کا بجٹ لاہور میں لگا دیا گیا ہے صرف لاہور کی خاطر اٹھارہ کروڑ عوام پر قرض کا بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔ حالیہ بجٹ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ناکام ہے سارے کلرک سڑکوں پر آچکے ہیں اسلام آباد میں کلرکوں کے احتجاج میں ان پر گولیاں برسانا شرمناک بات ہے تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا ن لیگ کے بس کی بات نہیں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کو غلطی سے ووٹ دئیے اب سڑکوں پر آئیں۔ اس موقع پر چودھری حامد ناصر چٹھہ نے کہاکہ شیخ رشید احمد میرے بھائی ہیں اور اس وقت ملک بحرانوں کا شکار ہے حکومت کے خلاف جہادکرنا ہر مسلمان پرفرض ہوچکا ہے تمام پارٹیز مل کر ان کا محاسبہ کریں گے ۔
20جون کے ٹرین مارچ کیلئے مسائل زدہ لوگوں کو نکلنا ہو گا: شیخ رشید
Jun 06, 2014