ڈیرہ غازی خان (اشرف بزدار سے) ’’بدلتا ہے آسماں رنگ کیسے کیسے‘‘… گذشتہ عام انتخابات میں سنیٹر سردار ذوالفقار کھوسہ اور ان کے بیٹوں دوست محمد کھوسہ اور سیف کھوسہ سے اختلافات کے بعد ایک سال تک وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔ غازی میڈیکل کالج کے جس منصوبے کا گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے افتتاح کیا وہ ذوالفقار علی کھوسہ نے ہی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے منظور کرایا تھا لیکن میڈیکل کالج کی افتتاحی تقریب میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ اور ان کے بیٹوں کی عدم موجودگی بدستور اختلافات برقرار رہنے کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔ کھوسہ سردار اقتدار کے ایوانوں میں مکمل طور پر غائب ہیں تاہم باوثوق ذرائع کے مطابق ذوالفقارکھوسہ کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز کے دورہ ڈیرہ غازی خان میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے شرکت سے معذوری ظاہر کر دی۔