جڑانوالہ، بڈھ بیر(نامہ نگار+ثناء نیوز) راولپنڈی میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل ارشد اور ظاہر شاہ کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔لیفٹیننٹ کرنل ظاہر شاہ کی نماز جنازہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ادا کی گئی جب کہ لفٹیننٹ کرنل ارشد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے جڑانوالہ میں ادا کی گئی جس میں فوجی افسران، مقامی سیاستدانوں، علاقہ معززین اور سول انتظامیہ کے علاوہ اہل علاقہ کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والوں کو تلاشی کے بعد جنازہ گاہ کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں فتح جھنگ روڈ پر حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں پاک فوج کے 2 لیفٹیننٹ کرنل اور 3 سویلین جاں بحق ہو گئے تھے۔جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق نماز جنازہ ہائوسنگ کالونی گرائونڈ میں سید احسن رضا شاہ کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران میجر جنرل فرحت، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کرنل محمد وسیم، میجر اظہار، ایس پی سردار اعجاز شفیع ڈوگر، ڈی ایس پی مہر محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ظہیر احمد چیمہ، ممبر قومی اسمبلی طلال چودھری، سابق ایم این اے رائے صلاح الدین کھرل، ملک شاہد اقبال اعوان، ایم پی اے رائے محمد عثمان، رانا شعیب ادریس، یوتھ ونگ کے ضلعی صدر آفتاب اکبر چودھری نے بھی شرکت کی۔ تاجروں نے 9 بجے تک کاروبار بند رکھے۔ وکلاء نے سوگ میں ہڑتال کی۔ کرنل میاں محمد ارشد کو چک نمبر 126 گ ب کے قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ پاک آرمی اور آئی ایس آئی کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ رسم قل آج بروز جمعتہ المبارک صبح 8 بجے فیضان مدینہ میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم نے بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ مرحوم کے بیٹے میاں زوہیب نے کہا کہ ہمیں اپنے والد پر فخر ہے، انہوں نے ملک کی خاطر جان دی۔ شہید کے بھائیوں میاں محمد ذوالفقار احمد اور میاں شاہد حسین نے بھی اپنے بھائی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا مشن جاری رکھیں گے۔
لیفٹیننٹ کرنل ارشد، ظاہر شاہ کو فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا
Jun 06, 2014