پشاور: نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، فاٹا سیکرٹریٹ کا افسر، ڈرائیور جاں بحق

پشاور (نیٹ نیوز) پشاور میں پولیس کے مطابق گذشتہ روز نامعلوم افراد نے فاٹا سیکرٹریٹ کے اکائونٹ افسر اور ان کے ڈرائیور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ پشاور میں یکہ توت کے علاقے میں اکائونٹ افسر احسان اللہ اپنے ڈرائیور خائستہ رحمان کے ساتھ جیپ میں دفتر آ رہے تھے کہ درہ روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں موقع پر ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے ترجمان فضل اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا آیا ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی تھی یا یہ پشاور میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی کڑی ہے۔ احسان اللہ فاٹا سیکرٹریٹ کے محکمہ زراعت میں اکائونٹ افسر تھے۔ بی سی سی کے مطابق پشاور میں ان دنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دو روز پہلے پشاور کے بڑے رہائشی علاقے حیات آباد میں نامعلوم افراد نے پولیس کے رائیڈر سکواڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ گذشتہ روز ان میں ایک کانسٹیبل ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن