لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل تک جو لوگ لاہور میٹرو بس کو جنگلہ بس کہہ کر تمسخر اڑاتے تھے وہ آج شہریوں کو ملنے والی سہولت دیکھ کر شرمندگی سے منہ چھپائے پھرتے ہیں روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری لاہور میٹرو بس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ صبح 6 بجے میں ملتان آنے کیلئے گھر سے نکلا تو فیروز پور روڈ پر چلنے والی میٹرو بسیں مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں اس پر مجھے بے حد خوشی ہوئی اور میں نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ لاکھوں افراد اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ ایک انتہائی کامیاب منصوبہ ہے اور لاہور میں لوگ اب اپنی ذاتی سواریاں میٹرو سٹیشنوں پر کھڑی کرکے میٹرو بس سے سفر کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ یہ نہ صرف سستی ہے بلکہ وقت کی بھی بچت ہے وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ملتان زاہد سلیم گوندل کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا اور انہیں شاباش دی۔