اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق چیئرمین پیمرا اورخیبر پی کے کے دو سابق وزراء سمیت 8 مختلف کرپشن مقدمات میں تحقیقات کی منظوری دیدی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے حلقہ این اے51کے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی جبکہ سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کیخلاف سیاسی بنیاد پر قائم مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیا گیا، گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیب قمر زمان کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جن مقدمات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی ان میں راجہ پرویز اشرف کے حلقہ این اے51میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے افسران کیخلاف تحقیقات کا کیس بھی شامل ہے۔ پیپکو اور پیسکو پشاور کے حکام کیخلاف تحقیقات اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، نادرن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ایبٹ آباد کے حکام کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چند دیگر کیسز کے بھی فیصلے کئے گئے۔