سعودی عرب اور اسرائیل ایران سے متعلق 5 بار خفیہ رابطے کر چکے: نیویارک ٹائمز

Jun 06, 2015

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب اور اسرائیل کے عہدیداروں نے مشترکہ دشمن ایران کے متعلق بات چیت کیلئے اب تک 5 مرتبہ خفیہ ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ انکشاف تھنک ٹینک ’’کونسل برائے خارجہ تعلقات‘‘ (سی ایف آر) کے واشنگٹن دفتر میں ایک تقریب کے دوران سعودی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل انور ایشکی اور سابق اسرائیلی سفیر ڈورے گولڈ نے کیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق گولڈ نے کہا ہم دونوں امریکہ کے اتحادی ہیں اور میرے خیال میں یہ مشترکہ سٹریٹجک مسائل سے متعلق بات چیت کے حوالے آغاز ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں اور سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے مگر دونوں ملک کئی سالوں سے بالخصوص ایران سے متعلق انٹیلی جنس کا خفیہ تبادلہ کر رہے ہیں۔ 23 مئی کولندن کے ایک اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے یمن سے فائر کئے جانیوالے راکٹوں کیخلاف سعودی عرب کو اپنے اینٹی میزائل سسٹم آئرن ڈوم‘‘ فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش امریکی سفارتکاروں کے ذریعے اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک اجلاس کے دوران کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے مشرق وسطیٰ میں اقدامات پر تحفظات کے تناظر میں اسرائیل اور سعودی عرب میں سٹریٹجک حوالے سے قربت بڑھ رہی ہے۔

مزیدخبریں