واشنگٹن (اے پی پی) انٹرنیشنل فنانس کمیشن پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ایک نئے پن بجلی منصوبے میں 50 ملین ڈالر جبکہ دیگر کئی منصوبوں میں 72 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ آئی ایف سی کے مطابق پاکستان میں توانائی منصوبوں میں 72 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کا مقصد سستی بجلی کی پیداوار اور بجلی کے پیداواری ذرائع کو ترقی دینا ہے دریائے پونچھ پر تعمیر ہونے والا گل پور ہائیڈرو پروجیکٹ میرا پاور لمیٹڈ کا منصوبہ ہے جو کہ 102 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا حامل ہوگا ‘ میرا پاور لمیٹڈ جنوبی کوریا کی کوریا سائوتھ ایسٹ پاور کمپنی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے اور گل پور ہائیڈرو پراجیکٹ پاکستان میں کے او ایس ای پی کا پہلا توانائی کا منصوبہ ہوگا ۔ کے او ایس ای پی کے جنرل منیجر یائی بوسیوک نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع وسائل کو بروئے کار لانے اور توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ یورپ ‘ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں انفراسٹرکچر کے لئے آئی ایف سی کے ریجنل انڈسٹری ہیڈ ویب کے شلوئمر نے کہا کہ ہمارا مقصد قابل تجدید توانائی کے وسائل کو ترقی دے کر توانائی بحران پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے جس سے بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے ایندھن کی درآمد پر انحصار بھی کم ہوگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے دیگر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی ہوگی۔
توانائی بحران کے خاتمے کے لئے انٹرنیشنل فنانس کمشن کی پاکستان میں122 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری
Jun 06, 2015