لاہور (وقائع نگار+نیٹ نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے روبرو مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی منان خان کے ایک وقت میں دو شاختی کارڈر رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے اس معاملے پر منان خان، ’نادرا‘ اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی کے پاس دو شاختی کارڈر رکھنے کا انکشاف اس درخواست میں ہوا جو ان کے مدمقابل امیدوار اور تحریک انصاف کے رہنما عارف خان نے دائر کی۔ واضح رہے کہ منان خان نارووال کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 134 سے منتخب ہوئے تھے۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما کے وکیل چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رکن ایم پی اے منان خان کے پاس دو شاختی کارڈ ہیں اور دو شاختی کارڈ رکھنا جرم ہے۔ منان خان نے اس بات کو کاغذات نامزدگی میں خفیہ رکھا اور اب تک دوسرا شاختی کارڈ سرنڈر نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ رکن صوبائی اسمبلی منان خان کو ایک ہی وقت میں دو شاختی کارڈر رکھنے کا کیا مقصد تھا اور اس سے کیا فائدہ اٹھانا چاہتے تھے۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں حقائق کو چھپانے اور غلط بیانی کرنے پر منان خان آئین کے آرٹیکل 60 اور 63 کے معیار پر پورا نہیں اترتے لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا جائے۔
لیگی ایم پی اے منان خان کے پاس 2شناختی کارڈ ہونے کا انکشاف
Jun 06, 2015