لاہور/ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف مذہبی جماعتوں نے جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء کی میانمار بدھسٹ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی، اقوام متحدہ اور دیگر حقوق انسانی کی علمبردار عالمی اداروں کی بے حسی پر شدید تنقید کی گئی۔ جمعہ کے اجتماعات میں مسلمانوں کے قتل عام پر مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ تفصیل کے مطابق جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پرمیانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ اس دوران طلبائ، وکلائ، تاجروں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افرادنے میانمار کی بدھسٹ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ امیر جماعۃالدعوۃ کی اپیل پر علماء کرام،آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں بدھسٹوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ لاہور میں مظاہرہ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے چوبرجی چوک میں کیا گیا جس میں طلبائ، وکلائ، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم حکمران میانمار کی حکومت کو نہتے مسلمانوں کا قتل عام بند کرنے کیلئے واضح پیغام دیں۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پروفاق المساجد پاکستان کے تحت ملک بھرکی76ہزار چھ سو سے زائد مساجد میں میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور مغربی اور مسلم ممالک کی بے حسی کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانمار کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری خامو تماشائی کا کردار اداکررہی ہے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیر اہتمام میانمار کے مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ اتفاق مسجد ماڈل ٹائون لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر ہو نیوالے مظالم پر پوری دنیا کی خاموشی شرمنا ک ہے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران میانمار کے مظلوم مسلمانوں کو امداد بھجوائیں۔ مرکزی مظاہرہ نماز جمعہ کے بعد داتا دربار چوک لاہور میں ہوا۔ جماعت کے مرکزی امیر مفتی پیر سید مصطفی اشرف رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، مفتی غلام حسن ا ور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میانمار کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر برما کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قرارد ادیں منظور کرائی گئیں اور مساجد کے باہر پر امن احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں نماز جمعہ مرکزی جامع مسجد نور میں احتجاجی جلسہ سے مولانا اکبر نقشبندی، سرفراز احمد تارڑ و دیگر نے خطاب کیا۔ ادارۃ المصطفیٰ پاکستان کے مرکزی امیر رضا ثاقب مصطفائی نے میانمار کے اندر ڈھائے جانیوالے مظالم کیخلاف ’’احتجاجی ریلی ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدھ مت کے پیروکاروں نے اپنا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ دریں اثناء بعد نماز جمعہ مرکز مصطفی لوہیانوالہ سے برما کے مسلمانوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں ہزاروں عاشقان مصطفیٰ نے بھرپور شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد یعقوب فریدی نے کہا کہ میانمار کے اندر ہونیوالے مظالم نے ہٹلر کی یاد تازہ کر دی ہے۔ دریں اثناء اہل حدیث یوتھ فورس گوجرانوالہ کے زیر اہتمام روہنگیا مسلمانوں پر بدھسٹ آمر کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف ایک احتجاجی ریلی جی ٹی روڈ پر نکالی گئی۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام گزشتہ روز چوک دالگراں میں برما کے نہتے مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم ستم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ برما کے نہتے اور بے گناہ مسلمانوں پر ہونیوالے بدترین ظلم و ستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سنی علماء فیڈریشن کے زیراہتمام برما کے مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم اور بربریت کیخلاف مرکزی امیر سنی علماء فیڈریشن پیر اعجاز اشرفی کی قیادت میں ایک پرجوش احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پیر سید مختار اشرف رضوی، مفتی عابد رضا قادری، پروفیسر شفقت رسول، پیر سید اصغر علی شاہ، مولانا مجاہد چشتی، مولانا صفدر چشتی، مولانا غلام قادر، پیر لیاقت علی، علامہ عرفان علی نعیمی، مولانا محمد حسین، مولانا ابرار قادری، محمد عامر نقشبندی و دیگر علماء و مشائخ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔