ڈیرہ اسماعیل خان(آن لائن)ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی ظہور خان کی گاڑی پر بم حملہ‘بال بال بچ گئے۔ دھماکے سے محافظ اور گارڈ زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل رتہ کلاچی میں ڈی ایس پی ظہور خان ڈرائیور اور محافظ کے ہمراہ فرائض منصبی ادا کرنے کیلئے جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے گرہ مستان کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا جس سے ڈی ایس پی حملے میں محفوظ رہے تاہم ان کا محافظ اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ریموٹ کنٹرول حملے میںگاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔واقعہ کے بعد پولیس نے پورے کے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی ایس پی ظہور خان نے صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف رپورٹ جاری کی تھی جس میں ڈی ایس پی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران صوبائی وزیر نے دھاندلی کی ،نشے کی حالت میں پولیس کو دھمکیاں اور ہراساں کیا،یہ رپورٹ آئی جی خیبرپی کے کو بھیجی گئی ۔ ادھر ڈیرہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی میں دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ دہشت گردوں سے چار راکٹ لانچر‘ 14 مارٹر گولے اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔