چکوال (آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈا ر اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی پاکستان اور مسلم لیگ ن کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی ملکی دفاع اور سیاست میں گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ اتوار کو وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفات پر ان کے داماد رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال اور مرحوم کے بیٹے ایڈیشنل سیکرٹری قیصر مجید ملک کو ٹیلی فون کرکے افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفا ت پر تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم کے داماد رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کو ٹیلی فون کرکے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ دریں اثناء مرحوم کے آبائی گائوں جنڈ اعوان میں رسم قل اداکی گئی، جس میںبڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور، رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص ،سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے پولیٹیکل سیکرٹری نے جنڈ اعوان جاکر رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کے صاحبزادے ایڈیشنل سیکرٹری قیصر مجید ملک کی جی سکس سٹریٹ نمبر 6میں واقع رہائش گاہ میں آج پیر کو رسم قل اور اجتماعی دعا کی جائے گی۔وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم مسلم لیگ (ن) کے لئے قیمتی سرمایہ تھے۔ سرتاج عزیزنے ان خیالات کا اظہار جند اعوان میں جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت میں کیا اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی عسکری و سیاسی خدمات کو پاکستانی عوام سمیت پاکستان مسلم لیگ کی قیادت ہمیشہ یاد رکھے گی۔
چکوال: سابق وفاقی وزیر عبدالمجید ملک کے قل ادا کئے گئے‘ شہبازشریف کا مرحوم کے داماد کو فون‘ اسحاق ڈار‘ سرتاج عزیز میر ظفر اللہ جمالی‘ راجہ ظفر الحق کا اظہار افسوس
Jun 06, 2016