قومی احتساب بیورو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور تھے۔ تقریب میں سات مختلف کیسز میں دھوکہ دہی کا شکار ایک سو چھیاسٹھ افراد میں چھیالیس کروڑ پچاس لاکھ روپے کے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر امتیاز تاجور نے بتایا کہ نیب مختلف اسکینڈلز میں دو سو پچہتر بلین روپے آمد کروا چکا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین نیب نے بتایا کہ رینٹل پاور اسکینڈل میں واپڈا سے چونتیس کروڑ، نیشنل فرٹیلائزر سے کھاد چوری کی مد میں ایک کروڑ بہتر لاکھ، یو ای ٹی ٹیکسلا سے ایک کروڑ سنتالیس لاکھ اور الحمرا پرائیوٹ لمیٹڈ سے مزید پانچ کروڑ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ تقریب میں بابا فرید ہاؤسنگ سکیم کے انچاس متاثرین میں پندرہ اعشاریہ چار ملین روپے، پارلیمنٹرین انکلیو کے نو متاثرین میں تین اعشاریہ نو دو ملین، کیپیٹل بلڈرز کے ایک سو پانچ متاثرین میں بائیس اعشاریہ نو ملین روپے کے چیک تقیسم کیے گئے۔