لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیئے گئے ٹیکس کے دوبارہ تخمینے کیخلاف دائر درخواست پر ایف بی آر سے 3ہفتوں میں جواب طلب کر لیا جبکہ ایف بی آر کو درخواستگزار کیخلاف ٹیکس تخمینے کی کارروائی بھی روکنے کا حکم دیدیا۔ فاضل عدالت نے نعیم انڈسٹریز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے محمد محسن ورک پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ٹیکس ٹربیونل نے درخواست گزار کمپنی کے ٹٹیکس تخمینے کو کالعدم قرار دیا لیکن ایف بی آر نے ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی بجائے کالعدم شدہ ٹیکس کے تخمینے کی دوبارہ کارروائی شروع کر دی۔ ایف بی آر کو کالعدم شدہ ٹیکس کے دوبارہ تخمینے کا اختیار نہیں ہے لہٰذا ایف بی آر کو ٹیکس تخمینے کی کارروائی سے روکا جائے۔