عمران جہانگیرترین کیخلاف اہلی درخواستیںالیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے تک سماعت روک دی

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پر سماعت روک دی۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا ہے کہ اسی قسم کی درخواستیں سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہیں اس لیے ان درخواستوں پر فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن مزید کارروائی کرے گا۔ پیر کوچیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں بینچ نے عمران خان اور جہانگیر خان ترین کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اسی قسم کی درخواستیں سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہیں اس لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن میں درخواستوں پر کارروائی روک دے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان نے درخواستوں پر سماعت سپریم کورٹ کے فیصلہ تک ملتوی کر دی تاہم الیکشن کمیشن نے درخواستوں کو خارج کرنے کی نعیم بخاری کی استدعا مسترد کر دی۔ واضح رہے ( ن ) لیگی ارکان اسمبلی محمد طلال چوہدری، محمد خان ڈاھا اور دیگر نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن