اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو اپنی حکومت کے چار سال مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ5جون 2013کومحمد نواز شریف پاکستان کے تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے،تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کا منفرد اعزاز محمد نواز شریف کو ہی حاصل ہے، ان 4سال میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عملی اقدامات اٹھائے، اپنے ایک بیان میںمریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت 19سال بعد ملک میں مردم شماری کا تاریخی عمل مکمل ہوا، اس سے پہلے آخری مردم شماری بھی 1998میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی تاریخ کی پہلی داخلی سلامتی پالیسی دی، ملک میں دہشتگردوں کی کمر توڑی گئی،کامیاب کراچی آپریشن کیا اور دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی، توانائی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئی، مریم اورنگزیب نے کہا کہ فقید المثال انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کی تعمیر کا سہرا بھی وزیراعظم نواز شریف کے سر ہے، بلوچستان میں امن کا قیام اور فاٹا اصلاحات کے عمل کا آغاز ہوا، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے، وزیراعظم تعلیمی اصلاحات اور ہیلتھ کیئر پروگرام ان تاریخ ساز اقدامات کی واضح مثال ہیں، وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ملکی معیشت کو بحال کر کے پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار مقام پر کھڑا کیا،سی پیک اور امن کے قیام کیلئے اقدامات وزیراعظم محمد نواز شریف کا اس خطے کے عوام کو تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالا سال حکومت کا آخری سال ہے ، تمام ترقیاتی منصوبوں کو انشا اللہ پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور صوبائی حکومتیں قومی ترقی، خوشحالی اور ملی یکجہتی کے فروغ میں وزیراعظم کا ساتھ دیں۔