بھارتی فورسز نے جعلی جھڑپ میں 4 نوجوان شہید کردئیے مشتعل شہریوں کے مظاہرے شیلنگ 18 زخمی

سری نگر (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج نے تازہ ترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ چاروں نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں پاکستان سے آئے درانداز تھے جنہیں بھارت کی سینٹرل ریزور پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے ضلع بانڈی پور کے علاقے سنبل میں جھڑپ کے دوران شہید کیا۔ انہوں نے سنبل میں قائم سی آر پی ایف کے کیمپ پر حملہ کیا تھا اور جوابی کارروائی میں شہید ہوئے۔ تاہم مقامی افراد نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں سے پکڑ کر لائے گئے کشمیری نوجوانوں کو فرضی جھڑپ میں شہید کیا۔ ان نوجوانوں کی شہادت کے بعد سینکڑوں لوگ مشتعل ہو کر گھروں سے نکل آئے۔ بھارتی فورسز کیخلاف مظاہرے اور پتھراؤ کیا۔ بھارتی فورسز نے اندھا دھند شیلنگ کر دی جس سے 18 افراد زخمی ہوئے۔ نوجوانوں کے قبضہ سے 4 کلاشنکوف، ایک بیرل کے ساتھ لگنے والا گرنیڈ لانچراور کچھ دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق کو گھر پر نظر بند اور لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو انکی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا۔ حریت رہنماؤں علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اوریاسین ملک نے حیدر پورہ میں گزشتہ روز این آئی اے کے چھاپوں پر لائحہ عمل طے کرنے کے لئے مشاورتی اجلاس میں شامل ہونا تھا تاہم بھارتی حکام نے مشاورتی ا جلاس پر پابندی لگا کر حریت رہنماؤں کو نظربندوگرفتار کر لیا۔ حریت قیادت نے ایک بیان میں قابض انتظامیہ کی کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی ایجنسی کی طرف سے حریت رہنمائوں پر چھاپے اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کشمیر میں جدوجہد آزادی کوسیاسی طور پرشکست دینے میں ناکام ہوگیا ہے۔ ادھر بھارتی پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے مرکزی دفتر کو سیل کردیا اور اس کے رہنمائوں محمد اشرف صحرائی، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، محمد الطاف شاہ، راجہ معراج الدین کلوال، محمد اشرف لایا اور عمر عادل ڈار کو گھروں اور تھانوں میں نظربند کردیا۔ قابض انتظامیہ نے مختار احمد وازہ کو بھی اپنے گھر میں نظربند کردیا۔راجوری قصبے میںبھارتی فوج کے ایک اہلکار نے فوجی کیمپ کے اندر خو د کو پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کرلی۔ اس واقعے سے جنوری 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 383 ہوگئی۔

ای پیپر دی نیشن