42کھرب روپے کے نئے قرضے کا شیڈول تیار، نگران حکومت کو 46کھرب واپس کرنا ہیں

Jun 06, 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) نگران حکومت کو دو ماہ کے دوران تقریباً 46 کھرب روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے پڑیں گے، ساڑھے بیالیس کھرب روپے کے نئے قرضے لینے کا شیڈول تیار ہو گیا۔ جون اور جولائی کے دوران حکومت نے مجموعی طور پر 45 کھرب 77 ارب 13 کروڑ روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اس سلسلے میں منی مارکیٹ سے مجموعی طور پر 42 کھرب 50 ارب روپے کے نئے قرضے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق دو ماہ کے دوران 5 مرتبہ ٹریژری بلز کی نیلامی کی جائے گی جن سے مجموعی طور پر 41 کھرب 50 ارب روپے کے حصول کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جبکہ مزید ایک کھرب روپے کے حصول کے لئے اس دوران دو مرتبہ پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز کی فروخت کی جائے گی تاہم ہدف کے مطابق قرض ملنے کی صورت میں بھی حکومت کو قرضوں کی واپسی کے لئے مزید 3 کھرب 27 ارب 13 کروڑ روپے کی ضرورت ہو گی۔

مزیدخبریں