لاہور+ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ خبرنگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز آندھی، طوفان، بارش سے سڑکوں پر لگے سائن بورڈ ٹوٹ کر گر گئے جبکہ دیواریں، آسمانی بجلی گرنے اور حادثات میں 12افراد جاں بحق ہوگئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور میں مختلف حادثات میں 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق ہو گئے۔ رائے ونڈ کہڑا چوک پر چھت گرنے سے 8سالہ بچہ، پھلروان میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ اور سگیاں کے قریب دوساکو چوک پر چھت گرنے 58سالہ شخص جاں بحق، 3افراد زخمی ہو گئے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ نواحی گائوں باغ کہنہ کے رہائشی شرجیل اور وحید کام کے سلسلہ میں راولپنڈی میں موجود تھے کہ آسمانی بجلی گرنے سے دونوں جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ دونوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بصیرپور کا رہائشی محمد احمد اپنی بیوی و بیٹی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر رائیونڈ سے کوٹ رادھاکشن کی طرف آرہے تھے تیز رفتار آندھی کی وجہ سے ٹریکٹر ٹرالے سے ٹکرا گئے جس کی وجہ محمد احمدکی بیوی و چھ ماہ کی بچی موقع پر جان بحق ہوگئے جبکہ محمد احمد شدید زخمی ہوگیا جس کو نازک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کردیاگیا ہے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شدید بارش اور طوفان کے باعث مکانوں کی دیواریں اور سائن بورڈ گرنے سے سات سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک سو پانچ افراد زخمی ہو گئے جن کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا۔ شاہدرہ فلور ملز ایریا میں مکان کی دیوار گرنے سے سات سالہ بچی فاطمہ بی بی نیچے آکرجاں بحق ہوئی جبکہ کوٹ عبدالمالک کے قریب مکان کی دیوار گرنے سے ایک مزدور جاں بحق اور پانچ افراد شہزاد، افضل، عدنان اور وسیم زخمی ہو گئے۔ جی ٹی روڈ شاہدرہ لاہور روڈ پر مختلف مقامات پر درخت، سائن بورڈ گرنے سے ایک سو کے قریب افراد زخمی ہو گئے جن میں پرویز احمد، ممتاز، فریاد، اسلم، قیصر محمود، سرور، شیرا فیصل، یاسین وغیرہ شامل ہیں۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے شدید گرمی کا زور عارضی طور پر ٹوٹ گیا ہے، تیز آندھی سے سڑکوں پر لگے سائن بورڈ ٹوٹ کر گر گئے۔ جبکہ افطاری کے اوقات میں آنے والی گرد آلود آندھی اور بارش سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں آندھی کی رفتار 63 کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ ائر پورٹ پر 115 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ نیوز رپورٹر کے مطابق لاہور میں تیز آندھی، بارش کی وجہ سے لیسکو کا ترسیلی نظام بُری طرح متاثر ہوا، لیسکو کے تین گرڈ سٹیشن اور 439 کے قریب فیڈرز بند ہو گئے جس کی وجہ سے لاہور کے تین چوتھائی صارفین نے افطاری اندھیرے میں گزاری ۔ لاہور میں بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا مگر لیسکو کے لئے تیز آندھی وبال جان بن گئی۔ لاہور میں فیڈرز وقفے وقفے سے بند ہوتے رہے جس سے تقریباً سارا شہر دوگھنٹے تک بجلی کی سپلائی سے مسلسل محروم رہا۔ لیسکو کے کھمبے اور تار تیز آندھی اور ہوا کے باعث گر گئے جس سے ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا، لیسکو ترجمان کے مطابق بارش رکنے کے بعد بجلی کی سپلائی کے لئے کام شروع کردیا۔ خبر نگار کے مطابق لاہور میں شدید آندھی و گرد و غبار کے طوفان کے باعث علامہ اقبال ائرپورٹ پر کھڑے پی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان پہنچا۔ فضائی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دونوں طیاروں کو فی الحال گرائونڈ کر دیا گیاہے اور انکا تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث پی آئی اے کی دو پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پی کے 654 اسلام آباد جا رہی تھی اور پی کے 244 دمام سے سیالکوٹ آ رہی تھی لیکن موسم کی خرابی کے باعث لاہور اتار لی گئی۔ پی آئی اے ترجمان نے کہا پی آئی اے اس صورتحال میں جو ایک قدرتی عمل ہے کے باعث مسافروں کو درپیش زحمت پر معذرت خواہ ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آندھی کے باعث شدید اندھیرا چھا گیا، کئی درخت اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے، عمارتوں اور گاڑیوں کی شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گئی اور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا۔ لاہور نامہ نگار کے مطابق تیز آندھی کے باعث گجر پورہ کے علاقہ میں گھر کی چھت گرنے سے دو بھائی 22 سالہ علی اور 23 سالہ عبداللہ شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں طوفانی آندھی کے باعث چار مقامات پر درخت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث دو مختلف علاقوں میں چھت اور دیوار گر گئی جبکہ کینال روڈ پر درخت کار پر گر گیا جس سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔