نوجوانوں میں اعلی تکنیکی مہارت کو فرغ دیا جا رہا ہے‘ پہلی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا خواب پورا ہو گیا: آرمی چیف

Jun 06, 2018

راولپنڈی(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے نوجوانوں میں اعلیٰ تکنیکی مہارت کو فروغ دیا جا رہا ہے، نیوٹیک جدید ٹیکنالوجی سکھانے والی ملک کی پہلی قومی ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہوگی، نیشنل یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئرز اور ماہر ورک فورس تیارکر رہی ہے۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کا افتتاحی اجلاس ہوا، جس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کی۔ اجلاس کی صدارت کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ نیوٹیک وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹی ہے جو معیاری انجینئرز تیار کررہی ہے، نیوٹیک یونیورسٹی مقامی، اوورسیز مارکیٹ اور سی پیک کی ضروریات پورا کرے گی، آرمی چیف نے کہا یونیورسٹی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئرز اور ماہر ورک فورس تیار کررہی ہے جبکہ ہماری نوجوان نسل اور صنعت ستمبر سے شروع ہونے والے نیوٹیک پروگراموں سے استفادہ کرے گی۔ آرمی چیف نے نیوٹیک کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا نیوٹیک انتظامیہ میرٹ پر سختی سے عمل کرے اور ملک میں ٹیکنالوجی کی تعلیم کے اعلی ترین معیار بنائے۔ انہوں نے کہا پہلی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا خواب پورا ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یونیورسٹی 18ستمبر سے کام شروع کرے گی۔ اے پی پی کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چیف آف آسٹریلین ڈیفنس فورس ایئر چیف مارشل مارک بنسکن نے ملاقا ت کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ سکیورٹی تعاون ،علاقائی سلامتی کی صورتحال کے امور زیر غور آئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں مہمان شخصیت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی سلامتی کے لئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی ۔قبل ازیں چیف آف اسٹریلین ڈیفنس فورس ایئر چیف مارشل مارک بنسکن کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ،مہمان شخصیت نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ۔

مزیدخبریں