اسلام آباد (نامہ نگار) نیب نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے سکروٹنی فسیلی ٹیشن سیل قائم کردیا۔ بیان کے مطابق الیکشن کمشن نیب سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے انتخابات 2018ء کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان انتخابات کا اہم پہلو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرزاور تمام علاقائی بیوروز کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمشن آف کو مقررہ/کم سے کم وقت میں قانون کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کیلئے تعاون کیلئے سکروٹنی فسیلی ٹیشن سیل قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ چیئرمین نیب نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل آپریشن ظاہر شاہ کی نگرانی میںایڈیشنل ڈائریکٹر شکیل اانجم ناگرہ کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے تاکہ الیکشن شیڈول پر عملدرآمد کے دوران الیکشن کمشن کو بلا تعطل 24گھنٹے معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے۔ کم سے کم وقت میں قانون کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانا ہماراسرکاری ذمہ داری اور قومی فرض ہے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب نیب نے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتال سے متعلقہ احتساب عدالتوں میں بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کردیا ہے۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب آپریشنل طریقہ کار کے تحت شکایت وصول کرنے کے بعد 2ماہ میں شکایت کی جانچ پڑتال کرتا ہے جس میں شکایت کنندہ کو حلف نامہ اور اپنی شکایت جمع کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ شکایت کی جانچ پڑتال کے بعد انکوائری کی منظوری دی جاتی ہے جو 4 ماہ میں مکمل کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے اب جھوٹی شکایات درج کرانے والے شکایت کنندہ کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس سے وقت اور رقم کا ضیاع ہوتا ہے تاہم نیب بلاامتیا احتساب کے لئے ٹھوس شواہد پر مبنی حقیقی درخواستوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔