میونسپل کمیٹی حافظ آباد کا عملہ ریڑھی بانوں سے بھتہ لینے لگا

Jun 06, 2018

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے ملازمین نے ریڑھی مافیا سے مل کر ایک بار پھر تجوریاں بھرنا شروع کردیں جس کی وجہ سے مختلف شاہرائوں پر پسند اور ناپسند کی بنیاد پر ریڑھیاں لگوائی جانے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل شہر بھر میں بلاتخصیص تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے ریڑھی والوں کو مرکزی شاہراہوں سے ہٹا دیا گیا تھا لیکن اب نگران حکومت کے آتے ہی میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے ایک بار پھربھتہ دینے والے ریڑھی بانوں کی ریڑھیاں مرکزی شاہرائوں پر لگوانا شروع کردی ہیں جبکہ بھتہ نہ دینے والے ریڑھی بانوں کے خلاف آپریشن کرکے ان غریبوں کا نہ صرف سامان قبضہ میں لے لیا جاتا ہے بلکہ فروٹ اور دیگر سامان کو سڑکوں پر پھینک کر انہیں بھی بھتہ دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ چند روز قبل کمیٹی کے ملازمین کی چیرہ دستیوں پر متعددشہریوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا ۔ متاثرہ ریڑھی بانوں نے ان غنڈہ عناصر کمیٹی ملازمین کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنا ہے تو بلاتخصیص کیا جائے لیکن پسند اور ناپسند کو مدنظر رکھ کر انہیں بھتہ دینے پر مجبور نہ کیا جائے وگرنہ وہ کمیٹی کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ دوسری جانب کمیٹی کے زرائع نے کہا کہ وہ بلاتخصیص آپریشن کررہے ہیں ۔

مزیدخبریں