لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ سے نئی تعینات ہونے والی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے عاصمہ حامد کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گی۔ ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ حامد نے کہا کہ وہ انصاف کی بالادستی کے لئے کام کریں گی۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ڈسٹرکٹ بار دیپالپور کے وکلاء کے 10رُکن وفد نے ایڈووکیٹ ملک اسحاق سندھو کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔